صدر زرداری طبی بنیادوں پرمستعفی ہوسکتے ہیں،امریکی جریدہ کا دعویٰ





دبئی(اے پی ایس) امریکی جریدے فارن پالیسی نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری میمو گیٹ اسکینڈل کی وجہ سے شدید دباو میں ہیں اورطبی بنیادوں پر صدارت کے عہدے سے سبک دوش ہوسکتے ہیں۔ صدرآصف علی زرداری دل میں تکلیف کی شکایت پرگزشتہ منگل کی شب اچانک دبئی گئے تھے ،جہاں انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا اور ان کے تمام ٹیسٹ لیے گئے ،جن کی رپورٹ آج صبح ملے گی۔ جریدے کے مطابق ایک سابق امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ پچھلے دنوں صدر اوباما نے جب صدر زرداری سے فون پر بات کی تو وہ لاتعلق سے لگے اور ان کی گفت گو بے ربط تھی۔ صدر زرداری میمو گیٹ اسکینڈل کی وجہ سے خود پر شدید دباو محسوس کررہے ہیں۔ امریکی حکومت میں یہ سوچ بڑھتی جارہی ہے کہ صدر زرداری نکلنے کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ سابق امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ ان کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہے اور اب یہ صرف کچھ وقت کی بات ہے۔ امریکی حکومت کے بعض حکام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ صدر زرداری کو پیر کے روز دل کا معمولی دورہ پڑا ہے اور وہ دبئی چلے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آج ان کی انجیو پلاسٹی متوقع ہے اور وہ طبی بنیادوں پر صدارت سے مستعفی ہوسکتے ہیں۔ جریدے کے مطابق ایک پاکستانی ذریعے کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کو پیر کے روز بتایا گیا کہ پارلے منٹ کے مشترکہ اجلاس سے ان کے مجوزہ خطاب میں اپوزیشن کا کوئی رکن اور مسلح افواج کے سربراہان احتجاجاً شرکت نہیں کریں گے۔ اسی ذریعے کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرون ملک ایک درجن سے زائد پاکستانی سفیروں کی تبدیلی بھی اس بات کا پیش خیمہ ہے کہ آصف زرداری صدر کے عہدے سے سبک دوش ہورہے ہیں۔ اے پی ایس