آگے بڑھیں اور پاکستان کو ووٹ دیں


انتخابات 2013 ، اہم ترین ہیں، ہم سب کے لیے ہمارا اور آپ کا ووٹ قیمتی ہے۔ اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ کسی بھی وجہ سے اس امانت میں خیانت نہ ہونے پائے۔ ووٹ قومی امانت ہے اور اگر کوئی چیز صحیح معنوں میں ملک میں تبدیلی لا سکتی ہے تو وہ آپ کا اور ہمارا ووٹ ہے۔ یہ موقع پھر پانچ سال بعد ہی ملے گا۔ تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا ووٹ ضائع نہ ہو۔ اس کے لیے آپ کو بس چند چیزوں کا خیال رکھنا ہوگا۔ سب سے پہلے تو یہ کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کو ووٹ کاسٹ کرنے کہاں جاناہے۔اگر نہیں تو کوئی بات نہیں۔ بس موبائل اٹھائیں اور 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبرلکھ کرمیسج بھیج دیں۔اس سے آپ کو اپنا انتخابی حلقہ، پولنگ اسٹیشن اور دیگر تفصیلات فوری معلوم ہوجائیں گی۔ جلدی کریں، ایسا بھی ممکن ہے کہ کل موبائل فون سروس بند ہوجائے اور آپ مشکل میں پڑ جائیں۔ تواپنی آسانی کے لیے یہ کام جتنی جلدی ممکن ہو،کر گزریں۔یاد رکھیں کہ شناختی کارڈ کے بغیر ووٹ ڈالنا ممکن نہیں۔ پولنگ کے روز اپنا شناختی کارڈ لے جانا مت بھولیں۔ کیونکہ جس کے پاس شناختی کارڈ نہیں، وہ ووٹ ڈالنے کا اہل نہیں۔ آئی ڈی کارڈ کی کاپی بھی نا قابل قبول ہوگی۔اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ آپ کا شناختی کارڈ کسی غلط ہاتھوں کو نہ لگے، کیونکہ ماضی میں ایسا ہوتا رہا ہے کہ بہلا پھسلا کر یا آپ کی سہولت کا لالچ دے کربعض لوگ شناختی کارڈ ہتھیا لیتے ہیں، جس سے آپ کا ووٹ آپ کا نہیں رہتا۔ تو اس بار ان لوگوں کی چھٹی کردیں اور اپنا شناختی کارڈ اپنے پاس ہی رکھیں۔اگر آپ ووٹ ڈالنے جاتے ہیں اور آپ کو بتایا جاتا ہے کہ آپ کا ووٹ کاسٹ کیا جاچکا ہے تو ایسی صورت میں آپ کیا کریں گے؟؟گھبرایئے نہیں،اس کا حل بھی ہے، آپ کو بس یہ بات پریزائڈنگ آفیسر کو بتانی ہے، وہ آپ کے لیے نیا بیلٹ جاری کردے گا اور آپ اپنے پسندیدہ نمائندے کو ووٹ ڈال سکیں گے۔ یہ ٹینڈر ووٹ کہلائے گا جو لفافے میں پریزائڈنگ آفیسر کے پاس رہے گااور ووٹ گننے کے دوران اسے شامل کرلیا جائے گا۔تو یاد رکھیں کہ گیارہ مئی اہم ترین دن ہے۔ ہم سب کے لیے۔ملک کے مستقبل کے لیے۔آگے بڑھیں اور پاکستان کو ووٹ دیں