پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما فائرنگ سے ہلاک


کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف کی مرکزی نائب صدر زہرہ شاہد حسین کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا ہے۔ تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو اس واقعے کا ذمہ 
دار ٹھہرایا ہے، تاہم ایم کیو ایم نے رد کیا ہے
 عمران خان نے ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین کو زہرہ شاہد حسین کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے
رات گئے ایک پریس کانفرنس میں ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے عمران خان کے بیان کو سیاسی ناپختگی قرار دیتے ہوئے رد کر دیا ہے اور زہرہ شاہد کی ہلاکت کے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے
انھوں نے کہا ہے کہ واقعے کی تفصیلات آنے سے پہلے الزام تراشی سے اس کی تحقیقات متاثر ہو سکتی ہیں۔انہوں نے اس واقعے کے ساتھ عمران خان کے بیان کی بھی مذمت کی
ان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کرے گی
کراچی میں پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں زہرہ شاہد کی ہلاکت کی مذمت کی گئی ہے اور حکومت سے اس واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف اس واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے کہ کراچی کے حلقے این اے 250 کے 43 پولنگ سٹیشنز پر اتوار کو دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ قومی اسمبلی کے اس حلقے کے 43 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکی ہے