پرا من انتخابات کے منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،آرمی چیف


چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیا نی نے ہدایت کی ہے کہ پر امن الیکشن کے لئے تیار ہونے والے جامع منصوبے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

کور ہیڈ کوارٹرز کراچی میں اعلٰی سطح کے اجلاس میں پاک فوج کے سربراہ کو جنرل اشفاق پرویز کیانی کو سیکریٹری داخلہ سندھ، الیکشن کمیشن اور دیگر سیکورٹی اداروں نے الیکشن کے کے لئے ترتیب دیئے جانے والے سیکورٹی پلان سے متعلق بریفنگ دی۔آرمی چیف نے تمام لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ادارے میٕں اس جامع منصوبے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ لوگ پر امن ماحول میں ووٹ کاسٹ کر سکیں۔اجلاس کے بعد ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آرمی چیف نے بلوچستان اور سندھ میں الیکشن کے لئے سیکورٹی کا جائزہ لیا۔سندھ خصوصاً کراچی کے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر تمام پہلوؤں سے متعلق برینفگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہا ایک لاکھ چار ہزار پولیس ، رینجرز اور دیگر اداروں کے اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ ہاک فوج کے 20 ہزار جوان سیکورٹی پر تعینات ہوں گے۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا کہ کراچی میں دس ہزار فوجی جوان سمیت 49 ہزار اہلکار سیکورٹی پر مامور ہوں گے جبکہ ہیلی کاپٹر استعمال کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پولنگ سٹیشن کے اندر فوج تعینات نہیں کی جائے گی۔ فوج پلان کےمطابق پیٹرول کرے گی تاہم فوج کی واسپی کا فیصلہ 12 مئی کو کیا جائے گا۔