مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم آرمی چیف کا باس اور فوج سول حکومت کے ماتحت ہوتی ہے، امید ہے جنرل اشفاق کیانی مدت ملازمت میں توسیع نہیں مانگیں گے اور سینیئر موسٹ جنرل کو نیا آرمی چیف بنایا جائے گا۔نواز شریف نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ فوج وفاقی حکومت کا ادارہ ہے اور چیف آف آرمی سٹاف وفاقی حکومت کے تحت کام کرتا ہے۔ اگر ایسا نہیں ہو رہا تو وہ اقتدار میں آکر اس عمل کو یقینی بنائیں گے۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے پچھلے دور میں امریکا اور بھارت کے ساتھ تعلقات سمیت تمام پالیسیاں سول حکومت بناتی تھی۔ دوبارہ اقتدار میں آئے تو بھی ایسا ہی ہوگا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کا نہیں خیال کہ آرمی چیف جنرل اشفاق کیانی مدت ملازمت میں توسیع چاہتے ہیں۔ اگلے آرمی چیف کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سینئر ترین جرنیل اگلا آرمی چیف ہوگا۔ مشرف کی سزا پر فوج کے ردعمل کے بارے میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ فوج جنرل مشرف کے غیر آئینی اقدام سے خود کو دور رکھے گی۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ اقتدار میں آکر ڈیوڈ ہیڈلی، ممبئی حملے اور کارگل سمیت تمام واقعات کی تحقیقات کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف بندوق کی زور پر نہیں جیتی جا سکتی۔ تمام فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانا ہوگا۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان پالیسی معاملات کے بارے میں ناتجربہ کار ہیں