عمران خان سٹیج سے گر کر زخمی


پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ لاہور میں جلسے کے لیے تیار کردہ سٹیج پر چڑھتے ہوئے گر کر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ منگل کی شام سات بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب عمران خان ایک لفٹر کے ذریعے سٹیج پر جا رہے تھے کہ نیچے گر گئے
ان کے سر پر چوٹ آئی ہے اور مقامی ٹی وی چینلز میں صاف دکھائی دے رہا تھا کہ ان کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ ان کے ساتھ ان کے محافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے چیئرمن لاہور میں غالب مارکیٹ میں ایک جلسے سے خطاب کے لیے آئے تھے۔ سٹیج پر پہنچنے کے لیے ان کو لفٹر پر بٹھایا گیا۔ ان کے محافظ بھی ان کے ساتھ تھے۔ اچانک توازن خراب ہونے کے باعث عمران خان اور ان کے محافظ گر گئے۔
سٹیج زمین سے دس سے پندرہ فٹ بلندی پر بنایا گیا تھا۔
پاکستان کے سابق سپن بالر عبدالقادر جو عمران کے جلسے میں شریک تھے، انہوں نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ عمران کے سر پر چوٹیں آئیں اور خون بہہ رہا تھا۔انھیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
غالب مارکیٹ میں جلسہ گاہ میں یہ اعلان کیا جا رہا ہے کہ عمران خان طبی امداد کے بعد واپس جلسہ گاہ آئیں گے
مقامی میڈیا کے مطابق ہسپتال میں عمران خان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ادھر پاکستان کے مختلف سیاسی رہنماؤں، صدر، اور نگران وزیرِ اعظم کی جانب سے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جا رہی ہے۔
عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما نے ٹوئٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عمران خان ہسپتال میں ہیں اور ہوش میں ہیں